برہماور18؍فروری (ایس او نیوز) مابوکلا سے قریب ایک عجیب حادثہ ہوا ہے جس میں ایک خاتون آگ سے بری طرح جل گئی ہے اورساتھ ہی گھاس کا ڈھیر بھی پوری طرح جل گیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ یہ آگ موبائل فون پھٹنے سے لگی تھی۔
آگ سے جلنے والی خاتون کا نام اشوینی ماراکلتھی (26سال)بتایا جاتا ہے۔دو مہینے پہلے ملپے کے ایک نوجوان سے مالتی کی شادی ہوئی تھی۔ ایک مقامی تہوار میں شریک ہونے کے لئے مالتی اس وقت اپنے مائیکے آئی ہوئی تھی۔بتایا جاتا ہے کہ جب مالتی فون پر بات چیت کررہی تھی تو اس وقت اچانک فون میں دھماکہ ہوگیا اور گھبراکر اس نے فون گھاس کے ڈھیر میں پھینک دیا۔ جب شور سن کر پڑوس کے لوگ باہر آئے تو دیکھا کہ گھاس کے ڈھیر میں آگ لگی ہوئی ہے ۔ مالتی کے جسم پر جلنے کے گہرے زخم ہیں اور وہ بے ہوش پڑی ہوئی ہے۔ادھر اس کی ماں بھی اچانک بہت بیمار ہوگئی۔ مالتی کوعلاج کے لئے منگلورو کے اسپتال میں منتقل کیاگیا جبکہ اس کی ماں کا علاج مقامی دواخانے میں ہی کیا گیا۔فائر بریگیڈ کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر مقامی افراد کے تعاون سے آگ بجھا دی۔
اصل واقعہ کیا ہے اس کے بارے میں تفصیلات پولیس تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔